Feb ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • وزارت داخلہ پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ علی رضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ چھبیس فروری کو ہونے والے پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کو منعقد کرانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

وزیر داخلہ نے ایران کے ٹیلی ویژن چینل ایک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ترپن ہزار پولنگ اسٹیشنوں کے لئے ایک لاکھ انتیس ہزار بیلٹ باکس پہنچا دیئے گئے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لئے پانچ لاکھ سے زائد انتخابی افسران اور اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں -

ایرانی وزیرداخلہ نے کہا کہ پچھلی جمعرات سے انتخابی مہم شروع ہوچکی ہے اور ابھی تک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کہیں سے کوئی خبر نہیں ملی ہے- انہوں نے کہا کہ پچیس فروری کی صبح آٹھ بجے تک انتخابی مہم جاری رہے گی - ان کا کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال انتہائی اعلی سطح پر ہے اور پولیس کا محکمہ، جو ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے اور بیلٹ بکسوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے، اپنی ذمہ داری پوری طرح سے ادا کررہا ہے –

وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا کہ جمعے کو ہونے والے انتخابات کے لئے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت ہم ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک تحقیقی افسر کو متعین کریں گے جبکہ ہر پولنگ اسٹیشن پر مقامی انتظامیہ کے اعلی عہدیدار کا نمائندہ بھی موجود ہوگا - انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ووٹوں کی گنتی کے وقت سبھی امیدواروں اور پارٹیوں کے نمائندے بھی وہاں موجود رہیں - انہوں نے کہا کہ انتخابات کو ہر حال میں شفاف بنایا جائے گا تاکہ دشمن کو کوئی بہانہ نہ مل سکے -

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے دسویں اور ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں انتخابات جمعہ چھبیس فروری کو بیک وقت پورے ایران میں ہوں گے -

ٹیگس