ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان مفاہمت کے گیارہ سمجھوتوں پر دستخط
ایران اور جمہوریہ آذربائیجان نے باہمی تعاون کے فروغ کے لئے مفاہمت کے گیارہ سمجھوتوں پر دستخط کئے۔
مفاہمت کے ان سمجھوتوں پر تہران کے سعد آباد کمپلکس میں دونوں ملکوں کے اعلی عہدیداروں نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف بھی موجود تھے۔ ان سمجھوتوں کے تحت ایران اور جمہوریہ آذربائیجان انتظامی امور، کسٹم اور مویشی پالن کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، جبکہ بجلی کی فروخت، دونوں ملکوں کے درمیان ریلوے لائن بچھانے اور پلوں کی تعمیر کے سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔
ایک سمجھوتے کے تحت ایران، صحت اور علاج معالجے اور سماجی خدمات کے حوالے سے جمہوریہ آذربائیجان کو مہارت اور تربیت فراہم کرے گا۔ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کی قومی تیل کمپنیوں نے تیل و گیس کے منصوبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے۔