Feb ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کی ہوائی کمپنی کو دنیا کی ایک بڑی ہوائی کمپنی میں تبدیل کیا جائے گا، ڈاکٹر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کی ہوائی کمپنی کو علاقے اور دنیا کی ایک بڑی ہوائی کمپنی میں تبدیل کیا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کی قومی ہوائی کمپنی ہما کے پچپن ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، قومی ہوائی کمپنی کی جدید کاری میں پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی ہوائی کمپنی یا فضائی بیڑے کو مسافروں اور سامان کے نقل و حمل کے میدان میں علاقے اور دنیا کی ایک معتبر اور مقتدر ہوائی کمپنی میں تبدیل کیا جائے گا۔

صدر مملکت حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کی طاقت صرف تیل اور افرادی قوت نہیں ہے بلکہ ایران کی طاقت اس کی علمی و سائنسی ترقی اور باصلاحیت نوجوان بھی ہیں، کہا کہ پوری قوم ایران کو ایک خوشحال، ترقی یافتہ، مقتدر اور توانا ملک بنانے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے ایران کے جغرافیائی محل وقوع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب مشرق ایک اقتصادی بلاک میں تبدیل ہو چکا ہے اور مغرب بھی کل کا اقتصادی بلاک تھا تو ایسے میں ایران مغرب اور مشرق کو متصل کرنے والا سب سے نزدیک راستہ ہے۔

صدر مملکت نے جمعے کو ہونے والے پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام امیدواروں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں اور وہ بصیرت و ہوشیاری کے ساتھ سب سے اہل اور لائق امیدواروں کو منتخب کریں گے۔

ٹیگس