Feb ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی ضرورت پر ایرانی حکام کی تاکید

مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے چھبیس فروری کے انتخابات میں عوام سے بھرپور شرکت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران کہا کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور اور وسیع پیمانے پر شرکت دنیا میں ایرانی عوام کی مزید عزت و سربلندی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے اور دنیا کی موجودہ صورت حال نے ان انتخابات کی اہمیت کو اور زیادہ بڑھا دیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور نے ایران کے سامنے نئے حالات فراہم کر دیئے ہیں، کہا کہ ایران کو ان حالات میں ہوشیار اور صاحب بصیرت ممبران پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر محمد سرافراز نے بھی کہا ہے کہ جمعے کو ہونے والے انتخابات میں عوام، ایک بار پھر وسیع پیمانے شرکت کر کے انقلاب اور اسلامی نظام سے اپنی وفاداری کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا کام پورے انتخابی عمل سے عوام کو باخبر رکھنا اور پل پل کی خبریں سامعین اور ناظرین کو پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آر آئی بی نے اس سلسلے میں خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں اور الیکشن کے دوران وہ عوام کی رائے سے بھی سب کو باخبر کرنے کی کوشش کرے گا۔

ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ انتخابات کے دوران آئی آر آئی بی پوری طرح غیرجانبداری اور آزادی عمل کا مظاہرہ کرے گا۔

ٹیگس