ایران میں ووٹوں کی گنتی مکمل، ٹرن آؤٹ باسٹھ فی صد رہا: وزیر داخلہ کا بیان
ایران کی پارلیمنٹ اور مجتہدین کی کونسل کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے اور دارالحکومت تہران میں اصلاح پسندوں کو جبکہ ملک کے باقی حصوں میں اصول پسندوں کو برتری حاصل ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے وزارت داخلہ کے الیکشن ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور مجتہدین کی کونسل کے انتخابات میں مجموعی طور پر باسٹھ فی صد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں پولنگ کا تناسب پچاس فی صد رہا ہے۔
نتائج کے مطابق دارالحکومت تہران کی تیس میں سے اٹھائیس نشستیں اصلاح پسندوں نے حاصل کی ہیں۔ دو نشستیں اعتدال پسند گروپ نے حاصل کیں جبکہ اصول پسند دھڑے کا ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔
اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق تہران کے علاوہ دیگر شہروں میں اصول پسند گروہ نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔ متعدد آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
مجتہدین کونسل کے لئے تہران میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی گئی۔ وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تہران میں مجتہدین کی کونسل کے لئے پینتالیس لاکھ آٹھ سو چورانوے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے اور سولہ کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں جمعے کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ حالیہ انتخابات میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ساڑھے پانچ کروڑ کے لگ بھگ تھی۔