حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینا علاقے کے مفاد میں نہیں ہے: امیر عبداللہیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان کو دہشت گرد قرار دینا صیہونی حکومت کے جرائم سے بے توجہی ہے کہ جو علاقے کے امن و استحکام کے مفاد میں نہیں ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے خلیج فارس تعاون کونسل کی جانب سے حزب اللہ لبنان کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جو حزب اللہ لبنان کو دہشت گرد قرار دے رہے ہیں انھوں نے چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے لبنان کی سلامتی کو نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران حزب اللہ لبنان پر صیہونی حکومت کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن پر ہونے اور علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہنے پر فخر کرتا ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد، لبنان کا امن و استحکام اور تمام لبنانی گروہوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی، اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔
واضح رہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل نے اپنے بدھ کے اجلاس میں حزب اللہ لبنان کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا ہے جس پر علاقے میں حریت پسند حلقوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے جبکہ صیہونی حکومت نے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔