صیہونی حکومت کے جرائم سے متعلق ایران کے موقف کا اعلان او آئی سی اجلاس میں ہوگا: جواد ظریف
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ انڈونیشیا میں اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس میں صیہونی حکومت کے جرائم کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کا اعلان کیا جائےگا -
وزیرخارجہ جواد ظریف نے اتوار کو جکارتا پہنچنے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ فلسطین کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے ایک سال پہلے اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی گئی تھی جو اب ایک سال بعد انڈونیشیا کی کاوشوں سے تشکیل پارہا ہے -انہوں نے اوآئی سی کے اجلاس کی میزبانی کرنے پر انڈونیشیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے بارے میں اپنی خارجہ پالیسی کی بنیاد پر ہی صیہونی حکومت کے اقدامات اور اس غاصب حکومت سے عالم اسلام کو لاحق خطرات کے بارے میں اپنا موقف اس اجلاس میں بیان کرے گا -
وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ انڈونیشیا کے حکام سے ملاقات میں بھی او آئی سی یا اسلامی تعاون تنظیم میں باہمی تعاون کی روش اور تعلقات کو بہتربنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوگی - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ گذشتہ ایک برس میں ایران اور انڈونیشیا کے تعلقات میں خاصی پیشرفت ہوئی ہے کہا کہ اس دورے میں انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتربنانے کے لئے جو موقع حاصل ہوا ہے اس سے استفادہ کیا جائے گا -
وزیرخارجہ نے اپنے دورہ سنگاپور، تھائی لینڈ ، برونئی ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ کا چودھواں اجلاس تھائی لینڈ میں ہورہا ہے جس میں ایران کا وفد شریک ہوگا - انہوں نےکہا کہ سیاسی اور اقتصادی تعاون، انتہاپسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ وہ اہم ترین موضوعات ہیں جن پر انڈونیشیا ، سنگاپور، تھائیلینڈ ، برونئی ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے حکام سےملاقاتوں میں بات چیت ہوگی -
واضح رہے کہ وزیرخارجہ جواد ظریف چھے ملکوں کے اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کی صبح انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا پہنچے جہاں وہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہوں گے - فلسطینی علاقوں خاص طور پر مسجد الاقصی پر صہیونی انتہا پسندوں اور صہیونی فوجیوں کے مسلسل حملوں کے خلاف اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست ایک سال پہلے کی گئی تھی - مسجدالاقصی پر مسلسل حملوں کے خلاف احتجاج کرنے اور ان حملوں کو روکنے کے لئے گذشتہ برس اکتوبر کے مہینے سے فلسطینیوں نے تحریک انتفاضہ قدس بھی شروع کررکھی ہے - جس میں اب تک ایک سو نوے سے زیادہ فلسطینی شہری صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بـچے بھی شامل ہیں -