Mar ۱۳, ۲۰۱۶ ۰۶:۴۸ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کی شرکت سے مجلس عزا کا انعقاد

شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شب شہادت کی مناسبت سے تہران میں حسینیہ امام خمینی(رہ) میں رہبر انقلاب اسلامی کی شرکت سے مجلس عزا کا انعقاد ہوا۔

پیغمبر اسلام (ص) کی لخت جگر بی بی دو عالم جناب سیدہ (س) کی شب شہادت کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شرکت سے منعقدہ اس مجلس عزا میں صدر مملکت ڈاکٹر حس روحانی، ایران کی کابینہ کے مختلف اراکین و وزراء اور دیگر سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین عالی نے ام الائمہ بی بی دو عالم حضرت فاطمہ زہرا (س) کی الہی و آفاقی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ (س) کے فضائل و مصائب بیان کئے۔

انھوں نے اپنے خطاب میں شہزادی کونین بی بی سیدہ، حضرت فاطمہ زہرا(س) کو ائمہ اطہار(ع) پر فیض و حجت الہی کا وسیلہ قرار دیا۔

حجۃ الاسلام و المسلمین عالی نے پیغمبر اسلام(ص) کی لخت جگر بی بی دو عالم جناب سیدہ (س) کو خداوند متعال کی ولایت کی راہ میں معاشرے کی استعداد و صلاحیتوں کے قرار پانے کی غرض سے امت و امامت کے درمیان رابطے کی اصلاح اور بشریت کے کمال و ارتقاء کی راہ ہموار کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ اگر معاشرہ امامت و ولایت کے مسئلے میں اپنے عہد و پیمان پر عمل کرتا ہے تو وہ کمال و ارتقاء کا راستہ طے کرتا ہے اور پھر یہی معاشرہ اس منزل پر پہنچ سکتا ہے کہ حضرت امام زمانہ (عجل) کے مبارک ظہور کی لیاقت کا حامل بن جائے۔

واضح رہے کہ شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے تہران میں حسینیہ امام خمینی(رہ) میں مجالس عزا کا یہ سلسلہ، کل پیر تک جاری رہے گا۔

ٹیگس