Dec ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • ماسکو میں ایرانی اور روسی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، جامع اسٹریٹیجک معاہدہ باہمی تعلقات کے باب میں اہم ترین موڑ: سرگئی لاوروف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے آج اہم ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گيا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ماسکو میں وزارت خارجہ پہنچنے پر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کا خیر مقدم کیا جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بالمشافہ ملاقات کا آغاز  ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کے آغاز میں اپنے روسی ہم منصب کے اس موقف کی تائید کی کہ تہران اور ماسکو کے درمیان ہر سطح پر مشاورت کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

 

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں اپنے ایرانی ہم منصب کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے جامع اسٹریٹیجک معاہدے پر عمل درآمد کو باہمی تعلقات کے باب میں اہم ترین موڑ قرار دیا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ معاہدہ تہران ماسکو تعاون کی خصوصی حیثیت کو مستحکم کرتا ہے اور تمام شعبوں کے لیے 20 سالہ ویژن روشن کرتا ہے۔

ملاقات میں سید عباس عراقچی نے سرگئی لاوروف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ملکوں کے صدور نے پانچ مرتبہ ملاقات کی ہے جبکہ ہم دونوں ماسکو، تہران اور دیگر ممالک میں باقاعدگی سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔

انہون نے دونوں ملکوں کے درمیان مشاورت کو ضروری قرار دیتے ہوئے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت اور ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر روس کا شکریہ ادا کیا۔

 

ٹیگس