آئیوری کوسٹ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ایران کی جانب سے مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آئیوری کوسٹ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے ایک بیان میں دہشت گردانہ حملے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے آئیوری کوسٹ کی حکومت اور قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ مغربی افریقا کے ملک آئیوری کوسٹ میں مسلح افراد کے اس حملے میں چار یورپی سیاحوں سمیت کم از کم سولہ افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ آئیوری کوسٹ کے تفریحی ساحلی قصبے گرینڈ بسام میں پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام حملہ آور سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے، جنہوں نے ساحل پر واقع ریستورانوں میں موجود سیاحوں پر فائرنگ کی۔
فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد میں چودہ عام شہری جبکہ اسپیشل فورس دستے کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملے کی ذمہ داری القاعدہ کی مقامی شاخ القاعدہ فی بلاد المغرب نے قبول کی ہے۔