Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران علاقے کاسب سے پرامن ملک ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہاہے کہ ایران میں جو امن و استحکام پایا جاتاہے وہ علاقائی سطح پر اپنی مثال آپ ہے

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیرکو نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کی عمارت میں اس ملک کے بین الاقوامی اداروں کے عہدیداروں اور نظریہ پردازوں سے خطاب کے دوران ایران مخالف پابندیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے باوجود ایران کی ایٹمی صنعت نے ترقی وپیشرفت کی -

انہوں نے امریکی حکام کے ان دعووں کے بارے میں کہ جن میں وہ کہتے تھے کہ ہم نے ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی کے تعلق سے ایران کے لئے تمام راستےبند کردیئے ہیں کہا کہ ایران نے کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی تھی اور نہ ہی کررہا ہے -

وزیرخارجہ جواد ظریف نے دنیا کے مختلف علاقوں تک دہشت گردی کے خطرات پھیلنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے داعش کو پورے علاقے کے لئے خطرہ قراردیا اور کہا کہ آج کی دنیا میں دہشت گردی کے خطرناک اثرات کو آسانی سے نہیں روکا جاسکتا -

ایران کے وزیرخارجہ نے شام کے بحران کا ذکرکرتے ہوئے ایک بارپھر اس بات پرزوردیا کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق خود شام کے عوام کو ہی دیا جانا چاہئے - انہوں نے ایران کے بارے میں بعض امریکی حکام کے ان بیانات پر کہ سارے آپشن میز پر موجود ہیں کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق یہ ایک ملک کی دوسرے ملک کو دھمکی ہے جو غیر قانونی ہے -

انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہمیں کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نہ رکھیں - انہوں نےکہا کہ ایران اور سعودی عرب علاقے کے دواہم ممالک ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ریاض علاقے میں مثبت رول اداکرے گا - ایران کے وزیرخارجہ، نیوزی لینڈ کا اپنا دورہ مکمل کرکے آسٹریلیا روانہ ہوگئے ہیں -

ٹیگس