ایران کی جانب سے بغداد اور لاہور بم دھماکوں کی مذمت
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بغداد کے جنوب میں ایک اسٹیڈیم اور لاہور میں پارک میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے ایک بیان میں کہا کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں اسٹیڈیم اور پاکستان کے صوبے پنجاب کے صدر مقام لاہور میں پارک میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں نے اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے انسانوں کی عام زندگی کے تمام مظاہر کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے اور سماج کا کوئی بھی طبقہ اور جگہ ان کے خطرے سے محفوظ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقے کے مختلف ملکوں اور دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کے واقعات کی تکرار، اس بات پر ایک بار پھر تاکید ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لئے عالمی برادری کی جانب سے فوری طور پر ہمہ جہتی مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بغداد اور لاہور میں دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بننے والے بے گناہوں اور مظلوموں کے لواحقین اور عراق و پاکستان کی حکومتوں اور قوموں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔