Apr ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر دفاع کی جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے دفاع سے ٹیلی فونی بات چیت

ایران کے وزیر دفاع نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے دفاع سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے دفاع کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں سرحدی جھڑپیں فوری طور پر بند کرنے اور صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔

ایران کے وزیر دفاع نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ نگورنو قرہ باغ کے معاملے پر اپنے اختلافات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ قابل ذکر ہے کہ نگورنو قرہ باغ کے معاملے پر جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان انیس سو اٹھاسی سے تنازعہ چلا آ رہا ہے۔

گزشتہ جمعے سے قرہ باغ کی طویل سرحدی پٹی پر اچانک شروع ہونے والی جھڑپوں میں دونوں ملکوں کے تیس سے زائد فوجی ہلاک اور چالیس کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس