Apr ۱۲, ۲۰۱۶ ۲۲:۴۴ Asia/Tehran
  • رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رینتزی کی ملاقات
    رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رینتزی کی ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکا کی جانب سے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی امداد کا سلسلہ جاری رہنے کو دہشت گردی کو ختم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔

اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رینتزی نے منگل کی شام رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی -

رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں ایران اور اٹلی کے اچھے تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اٹلی اور اٹلی کی حکومت کے ساتھ تعاون کے سلسلے میں ایران کا نظریہ مختلف اور مثبت ہے - آپ نے ایران کے خلاف پابندیوں کے زمانے میں اٹلی کے رویّے کو بعض دیگر مغربی ملکوں کے مقابلے میں زیادہ منطقی قراردیا اور فرمایا کہ یورپ کی بعض حکومتوں کے اعلی حکام اور ان کی کمپنیوں کے مالکان ایران کے دورے کررہے ہیں اور مذاکرات انجام دے رہے ہیں لیکن ان مذاکرات کے نتائج ابھی تک عملی طور پر سامنے نہیں آئے ہیں -

رہبرانقلاب اسلامی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایران اور اٹلی کے مابین تعاون کا ایک اور موضوع قراردیا اور فرمایا کہ یورپ کے بعض ممالک ایک عرصے تک کچھ خطرناک دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے رہے اورآج دہشت گردی کی خطرناک اور وسیع لہر یورپ بھی پہنچ گئی ہے -

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دہشت گردوں کے لئے امریکا کی مالی اور اسلحہ جاتی امداد کو دہشت گردی کا مسئلہ حل کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ امریکا کی جانب سے داعش اور بعض دیگر دہشت گرد گروہوں کی امداد کی مستند اور دستاویزی ثبوت کے ساتھ رپورٹیں موجود ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس وقت بھی جب کہ انھوں نے داعش کے خلاف اتحاد تشکیل دے رکھا ہے امریکا کے بعض ادارے دوسرے طریقوں سے داعش کی مدد کررہے ہیں۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا کے بڑے بڑے تشہیراتی ادارے جو مغربی سیاستدانوں کے تسلط میں ہیں، بعض شرپسندوں اور دہشت گردوں کے اقدامات کو بہانہ بناکر اسلام کے خلاف مہم چلارہے ہیں اور خفیہ سیاسی سازشیں ( انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف) ثقافتی میدان میں جدوجہد کی راہ میں مشکلات کھڑی کررہی ہیں ۔

اٹلی کے وزیر اعظم میتھیو رنزی نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ انجام پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ جامع ایٹمی سمجھوتے کے مطابق ایران کے خلاف عائد تمام پابندیوں کو ختم ہونا چاہئے۔ اٹلی کے وزیر اعظم نے دہشت گردی کا دائرہ یورپ تک پھیل جانے اور دہشت گردی کے بہانے اسلام کو بدنام کرنے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت کرنا چاہئے کہ سبھی ادیان امن و آشتی، پرامن بقائے باہمی اور بات چیت چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس نقطہ نگاہ کی ترویج میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کردار اور آپ کی قدرو منزلت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

ٹیگس