ایران اور وینزوئلا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور وینزوئلا کی وزیر خارجہ نے تہران میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور وینزوئلا کی وزیر خارجہ ڈلسی روڈریگرز نے تہران میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایران اور وینزوئلا کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس ملاقات میں جواد ظریف نے ایران اور وینزوئلا کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے وینزوئلا کے ساتھ ہمیشہ اچھے اور خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور تہران مشترکہ مفادات کے دائرے میں ماضی سے زیادہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ کا خواہاں ہے-
وینزوئلا کی وزیرخارجہ ڈلسی روڈریگرز نے بھی اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ کو کاراکاس آنے کی دعوت دی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تاکید کی -