منشیات کے خلاف مہم میں ایران کی کوششیں
ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جان اور مال کی قربانیاں دے کر موت کے سوداگروں کے قبضے سے سب سے زیادہ غیر قانونی منشیات کو ضبط اور انہیں عالمی منڈیوں میں پہنچنے سے روکا ہے۔
انسداد منشیات سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس یو این جی اے ایس ایس میں تقریر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اور اینٹی نارکوٹک بورڈ کے سربراہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا کہ انسداد منشیات کے میدان میں ہر طرح کی سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر عالمی سطح پر سب کو اپنی مشترکہ ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں- انہوں نے انسداد منشیات کے میدان میں ایران کو حاصل ہونے والے تجربات اور سماجی سطح پر اس کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران، انسداد منشیات اور بالکان کے راستے اور اسی طرح جن ملکوں کے راستوں سے منشیات اسمگل کی جاتی ہیں وہاں انجام پانے والے جرائم کی روک تھام کے طریقوں کا جائزہ لینے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لئے تیار ہے-
--ایران کے وزیر داخلہ نے انسداد منشیات کے میدان میں ایران کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی اسّی فیصد سے زائد افیون اور چالیس فیصد ہروئین اور مارفین ایران میں ضبط کی گئی ہیں-