ایران اور جاپان کے درمیان ایٹمی تعاون
اسلامی جمہوریہ ایران اور جاپان ایٹمی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق تہران میں جاپان کے سفیر ہیرویاسو کوبایاشی نے اتوار کے روز ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ، علی اکبر صالحی سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں بات چیت کی۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ اور تہران میں جاپان کے سفیر نے اس ملاقات میں اعلان کیا کہ دونوں ممالک ایٹمی شعبے میں تعاون خاص طور پر ایٹمی سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو عنقریب فروغ دیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے اسی طرح تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں ایران اور جاپان کے تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں بات چیت کی۔
واضح رہے کہ ایران میں جاپان کے سفیر نے جمعہ کے روز بھی ایک تقریب میں کہا تھا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات پہلے سے زیادہ فروغ پائیں گے اور عنقریب دونوں ملکوں کے درمیان نئے اقتصادی تعلقات تشکیل پائیں گے۔