Apr ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ جواد ظریف سے بلجیئم کی سینیٹ کی چیئر پرسن کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پانچ جمع ایک گروپ میں شامل یورپی ارکان اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پرعمل کریں-

وزیرخارجہ محمد جوادظریف نے تہران میں بیلجیئم کی سینٹ کی چیئر پرن سے ملاقات میں کہا کہ ایران نے جامع مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق اپنے وعدے پورے کردیئے ہیں اور اب پانچ جمع ایک گروپ میں شامل یورپی ارکان کو چاہئے کہ وہ بھی اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کریں -انہوں نے ایران اور یورپ کے درمیان اقتصادی اور بینکنگ کے تعلقات کے فعال ہونے کی ضرورت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یورپ کو چاہئے کہ وہ بینکنگ اورمالی امور کی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے قدم بڑھائے تاکہ دوطرفہ تعلقات کا عملی طورپرمشاہدہ کیا جائے- ایرانی وزیرخارجہ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو دنیا اورعلاقے کے ملکوں کے لئےمشترکہ چیلنج قراردیا اور کہا کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کا اسی وقت سنجیدگی کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکے گا جب دہشت گردی اورانتہاپسندی کے حامی ملکوں کے رویوں میں بھی تبدیلی آئے گی-

انہوں نے شام کے بحران کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس بحران کوصرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور اس کے لئے شامی عوام کواپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جانا چاہئے -

بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرپرسن نے بھی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لئے تہران اور برسلزکے درمیان صلاح مشورے جاری رکھنے پر تاکید کی -

ٹیگس