ہندوستان: زمین کھسکنے کا بھیانک حادثہ، پہاڑ کا ایک حصہ بس پر گرا، 18 افراد ہلاک
ہندوستان کی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں شدید بارش کے نتیجے میں ایک بھانک اور درد ناک حادثہ رونما ہوا ہے جس میں پہاڑ کا ایک پورا حصہ ایک بس پر گر گیا اور کم سے کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع بلاس پور میں شدید بارش کے دوران اچانک زمین کھسکنے سے پوری پہاڑی ٹوٹ کر وہاں سے گزر رہی ایک پرائیوٹ بس پر گر گئی جس سے کم سے کم 18 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ضلع بلاس پور میں ہونے والے اس بھیانک حادثے میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ پولیس نے 15 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ اندوہناک حادثہ ضلع بلاس پور کے بالو گھاٹ علاقے میں بھلو پُل کے قریب منگل کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت بس پر کل 30 سے 35 افراد سوار تھے۔ حادثے میں کچھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں اور پولیس انتظامیہ کی مدد سے فوری طور پر امدادی کام شروع کردیا گیا۔ حادثے میں بس ڈرائيور اور کنڈکٹر کی بھی موت ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ نریندر مودی نے اپنے ایکس پیغام میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زحمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے بھی ضلع بلاس پور میں ہونے والے اندوہناک حادثے پر اظہار غم کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ "اس حادثے کی خبر نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ مجھے لوگوں کی موت کی افسوسناک خبر ملی ہے اور بہت سے لوگوں کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو کام شروع کردیا گیا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں اور پورے ریسکیو آپریشن کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ اطلاعات حاصل کر رہا ہوں۔"