May ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران و ترکمانستان تعلقات کے فروغ پر تاکید

ایران اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کے فروغ اور اہم علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تہران میں اپنے ترکمن ہم منصب رشید مرادوف سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جوادظریف نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خطے کے بعض ممالک اتنہا پسندانہ سوچ کو فروغ دے کر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اور ترکمانستان باہمی تعلقات کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے راستہ ہموار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترکمانستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے ویزے کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔

ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید مرادوف نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے ایران ، ترکمانستان اور افغانستان کے درمیان پانی اور بجلی کے شعبوں میں جاری سہ فریقی تعاون کو علاقائی ترقی کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے ایران ، ترکمانستان، قزاقستان ریلوے لائن کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ریلوے لائن نے چین سے خلیج فارس تک ، تجارتی سامان کی ترسیل کی مدت اور اخراجات میں کافی کمی کردی ہے۔

ٹیگس