ایران کا اسٹریٹیجک ایٹمی پروگرام مسلسل ترقی کر رہا ہے: علی اکبر صالحی
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کا اسٹریٹیجک ایٹمی پروگرام مسلسل ترقی کر رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے تہران میں جاری، ایرانی سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ ملک کے اسٹریٹیجک پروگرام کے تحت ایران کی ایٹمی سرگرمیاں عالمی معیارات کے مطابق اور ٹرانسپیرنسی کے ساتھ مسلسل جاری ہیں۔
انہوں نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے کے فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت جدید ترین آلات کے ذریعے ایٹمی سرگرمیوں کے معیار کو بلند اور انھیں صنعتی پیمانے پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران کی ایٹمی توانائی آرگنائزیشن، آئی اے ای او کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے عالمی سطح پر بھاری پانی کی تجارت کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے اور اپنی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کو ترقی بھی دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران نے مختلف طرح کی نیوکلیئر دواؤں اور میڈیکل اسکیننگ مشینوں کی تیاری میں بھی کافی پیشرفت کی ہے۔