May ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • بغداد کے دہشت گردانہ بم دھماکوں پر ایران کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران نے بغداد کے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کی ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے بغداد بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام اور عراق کی حمایت پوری دنیا کی سلامتی کی حمایت ہے - ا

نہوں نے منگل کو بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور عراقی عوام و حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عراقی شہریوں کے خلاف دہشت گردوں کے مجرمانہ اقدامات میں شدت ان کی بزدلی کو ثابت کرتی ہے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ کے میدان میں دہشت گرد شکست کھاچکےہیں -

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ دہشت گرد عناصر عراقی عوام، حکومت، فوج اور عوامی رضاکارفورس سے اپنی شکست کا بدلہ لینےکے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں -

انہوں نے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراقی عوام اور حکومت کی موثرمدد کو علاقے اور دنیا کے ملکوں کی ذمہ داری قراردیا اور کہا کہ تکفیری دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے اور شام کی طرح عراق بھی دہشت گردی کےخلاف جنگ میں اکیلے محاذ پر ہے -

واضح رہے کہ منگل کو بغداد کے مختلف علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ بم دھماکوں میں پچہتر عام شہری جاں بحق اور ایک سو دس سے زائد زخمی ہوگئے تھے -

ٹیگس