ایران کی مسلح افواج دشمن کے ہر اقدام کا بھرپور جواب دیں گی، سربراہ بری فوج
بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کے کسی بھی اقدام کا پوری شدت کے ساتھ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
مرکزی ایران کے صوبے اصفہان میں میزائیل مشقوں کے آغاز پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج اسلامی نظام کے خلاف دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی اعلی صلاحیتوں اور حربی توانائیوں نے امریکہ کو ایران پر حملے کا خیال دل سے نکال دینے پر مجبور کر دیا ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ" ہماری انگلیاں لبلبی پر اور ہمارے فوجی اور رضاکار فورس بسیج کے جوان ہر گھڑی تیار ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ امریکہ، اب خطے میں تکفیری ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے اور افسوس کہ علاقے کے بعض ممالک ان گروہوں کی مالی حمایت کر رہے ہیں۔ ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل بدستور ہمارے اصل دشمن ہیں جبکہ داعشی اور تکفیری گروہوں کی ہماری نظر میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی ایران میں اتوار سے شروع ہونے والی بیت المقدس اٹھائیس فوجی مشقوں کے دوران کم فاصلے تک مار کر نے والے نازعات چھے ، نازعات دس اور فجر پانچ میزائلوں کے جدید ترین ماڈلوں کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔