May ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیراعظم سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی ایک اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی وفد کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچ گئے۔

تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ پر اعلی ایرانی حکام نے ان کا خیرمقدم کیا ، اس موقع پر تہران میں مقیم ہندوستانی سفیر ، سفارتی عملے کے ارکان اور ہندوستانی اسکول کے طلبہ اور اساتذہ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ایران کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اقتصادی ، تجارتی اور ثقافتی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

صدر حسن روحانی اور دیگر اعلی ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات بھی ہندوستانی وزیراعظم کے دورہ تہران کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ تہذیبی اور ثقافتی رشتوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ ایران سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور اقتصادی تعاون میں فروغ آئے گا۔

قابل ذکر ہے کہ صدر حسن روحانی پیر کی صبح سعد آباد کمپلکس میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کا باضابطہ استقبال کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے جائیں گے اور ایرانی فوج کا ایک دستہ، ہندوستانی وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کرے گا۔

ٹیگس