ہندوستانی وزیر اعظم کا سرکاری استقبال
-
ہندوستانی وزیر اعظم کا سرکاری استقبال
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا سرکاری استقبال کیا -
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر حسن روحانی نے پیر کی صبح سعد آباد کمپلکس میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کا باضابطہ استقبال کیا- ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی ایک اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی وفد کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے ہیں-
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے سرکاری استقبال کے بعد، صدر روحانی اور مودی کے درمیان دو طرفہ مذاکرات شروع ہوگئے- ان رہنماؤں کے مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں کے اعلی وفود کے مشترکہ اجلاس انجام پائیں گے -
وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ایران کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے جن میں چابہار کی بندر گاہ کا توسیعی منصوبہ سب سے اہم ہے۔ مودی اس دورے میں صدر حسن روحانی کے علاوہ دیگر اعلی حکام کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے-
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی بھی پیر کو تہران پہنچ رہے ہیں تاکہ ایران اور افغانستان کے صدور اور ہندوستان کے وزیر اعظم سہ فریقی ملاقات میں ایران کی بندرگاہ چابہار کے ٹرانزیٹ کے معاملات سے متعلق اہم سمجھوتے کوحتمی شکل دیں -