May ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کے سربراہوں کی مشترکہ پریس کانفرنس

اسلامی جہموریہ ایران اور ہندوستان کے سربراہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں باہمی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کے عزم پر تاکید اور اعلان کیا ہے کہ تہران اور نئی دہلی کے روابط میں فروغ دونوں ملکوں کے ساتھ ہی پورے علاقے اور ایشیا کے فائدے میں ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہندوستان کے وزیر ا‏عظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں تہران اور نئی دہلی کے باہمی روابط اور تعاون میں فروغ کی اہمیت پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے باہمی تعاون میں فروغ سے پورے ایشیا کو فائدہ پہنچے گا۔

صدرمملکت نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط میں فروغ کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں ۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے باہمی تجارتی روابط میں بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ ہندوستان، افغانستان اور وسطی ایشیا کے ملکوں سمیت خطے کے تمام ملکوں کو ایک دوسرے سے متصل کرتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ بندرگاہ تہران اور نئی دہلی کے درمیان مثالی تعاون کی علامت بن سکتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے درمیان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے بینکوں کے درمیان روابط کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے درمیان ہائی ٹیک ، یونیورسٹیوں کے امور اور سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان، دہشت گردی کے خلاف مہم اور علاقے میں امن و آشتی کے قیام میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے ۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور ہندوستان تہذیب و تمدن، فن معماری ، اور تجارت میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے ایران اور ہندوستان کے اچھے روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست گجرات میں زلزلہ آنے کے بعد ایران پہلا ملک تھا جس نے امداد بھیجی تھی ۔ انھوں نے کہا کہ سختی کے دور میں ایران نے ہمیشہ ہندوستان کا ساتھ دیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ رہبر ایران کی دوراندیشی پر مبنی ڈپلومیسی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

انھوں نے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ اپنے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ہم نے علاقے کے حالات و مسائل اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے درمیان جو معاہدے اور سمجھوتے ہوئے ہیں ان سے دونوں ملکوں کے روابط میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے ۔

ٹیگس