جواد ظریف یورپی ممالک کے دورے پر فنلینڈ پہنچے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پولینڈ کے حکام سے ملاقات اور گفتگو کے بعد، یورپی ممالک کے اپنے دورے میں فن لینڈ پہنچے ہیں-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فنلینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی پہنچنے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ خلیج فارس میں علاقائی مذاکراتی کونسل کا قیام ضروری ہے- جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی وفد کے دورہ فنلینڈ کا مقصد اس ملک کے حکام کے ساتھ مذاکرات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے-
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف چار یورپی ممالک کے دوسرے مرحلے میں فن لینڈ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ فن لینڈ کے وزیر خارجہ اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ، چار یورپی ممالک کےپانچ روزہ دورے پر، اتوار کو پولینڈ گئے جس کے بعد اب وہ فنلینڈ پہنچے ہیں ۔
اس دورے میں ستّر افراد پر مشتمل اقتصادی و تجارتی وفد بھی ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ فنلینڈ کے بعد سوئیڈن اور لیتھوانیا کا دورہ بھی کریں گے۔