شام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے کا علمبردار ہے: حسین امیر عبداللہیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ شام آج دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے کا علمبردار اور اس میدان کا فاتح ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی بعض دینی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور شخصیات نے اتوار کے دن تہران میں حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ شام اپنی فوج اور عوام کی ہمت نیز استقامت کے محور کی حمایت کے ساتھ پانچ برسوں سے زیادہ عرصے سے صیہونی حکومت کی سازشوں اور دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے۔
حسین امیر عبداللہیان کا مزید کہنا تھا کہ بعض فریق دہشت گردوں کی ہمہ گیر حمایت اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرکے شام کے اقتدار اعلی کے خاتمے کے خواہاں ہیں اور وہ اس مقصد کے لئے مختلف طرح کے ناجائز اقدامات منجملہ شورش اور بدامنی میں شدت پیدا کر رہے ہیں اور انہوں نے ابھی تک بحران کے خاتمے کے لئے کوئی مفید حل پیش نہیں کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کہی کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ اس ملک کے عوام کو ہی کرنا چاہئے۔ اس ملاقات میں لبنان کی دینی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور شخصیات نے رہبر انقلاب اسلامی کے اسٹریٹیجک کردار کی قدردانی کرتے ہوئے صورتحال کے صحیح ادراک اور استحکام، امن اور ترقی و پیشرفت کے اعتبار سے ایران کو علاقے کا طاقتور ترین ملک قرار دیا۔