ایران کی جوہری سرگرمیاں سیف گارڈ قوانین کے مطابق ہیں: یوکیا آمانو
جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کو سیف گارڈ قوانین اور معیاروں کے مطابق قرار دیا ہے۔
ویانا میں آئی اے ای اے کے موسم گرما کے اجلاس کے دوران ایران کی جوہری سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل یوکیا آمانو نے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں سیف گارڈ قوانین اور معیار کے مطابق انجام پا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ، اضافی پروٹوکول کے تحت، آئی اے ای اے کسی مشکل کے بغیر ایران میں اپنا کام کر رہی ہے۔ ایران نے آئی اے ای اے کے اضافی پروٹوکول کو عارضی طور پر قبول کر لیا ہے۔
جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ایران کی تمام جوہری تنصیبات تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہے اور ہم تمام جوہری سرگرمیوں کی پوری طرح نگرانی کر رہے ہیں۔
یوکیا آمانو نے یہ بات زور دیکر کہی کہ جامع جوہری معاہدے پرعملدرآمد جاری رکھنے کے لیے تمام فریقوں کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنر کا موسم گرما کا اجلاس پیر سے ویانا میں شروع ہو گیا ہے جس میں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کا معاملہ سب سے اہم موضوع ہے۔
ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے جامع جوہری معاہدے کے تحت ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیاں ختم اور اس کی پرامن جوہری سرگرمیوں کے حق کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔