Nov ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • دہشتگرد اسرائیل نے پھر دکھایا اپنا اصلی چہرہ، جنگ بندی کے باوجود کیا لبنان پر حملہ

بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے بعد جنوبی لبنان میں اپنے گھروں کی طرف جانے والوں پر غاصب صیہونی حکومت کے نے حملے کئے ہیں۔

جنگ بندی کے نفاذ کے بعد جنوبی لبنان کے ساکنین اپنے گھروں کو ایسی حالت میں واپس جارہے ہیں کہ ان کے ہاتھوں میں سید استقامت شہید سید حسن نصراللہ ، دیگر شہدا اور حزب اللہ کے پرچم ہیں۔ جنوبی لبنان کے عوام اپنے گھروں کو واپس جانے کے دوران بھی حزب اللہ اور شہدائے لبنان سے اپنی وابستگی کا اعلان کررہے ہیں جو غاصب صیہونیوں کے لئے خوش آیند نہیں ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنگی بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھروں کو واپس جانے والے جنوبی لبنان کے ساکنین پر حملے کئے ہیں۔ صیہونی ٹی وی چینل بارہ نے جنوبی لبنان ميں ایک گاڑی پر اسرائیلی حکومت کے ڈرون حملے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ بعض رپورٹوں میں جنوبی لبنان کے قصبے مرکبا میں ایک گاڑی پر حملے میں تین عام شہریوں کے زخمی ہونے کی خبردی گئي ہے۔

اسی کے ساتھ المیادین نے جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل پرغاصب صیہونی فوجیوں کے حملے اور حزب اللہ کے مجاہدین اور غاصب فوجیوں کے درمیان سخت لڑائي کی رپورٹ دی ہے۔ صیہونی حکومت کے ریڈیو نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فضائی جارحیت اور فائرنگ کرکے جنوبی لبنان کی طرف، لبنانی عوام کی واپسی روکنے کی کوشش کی ہے۔ جنوبی لبنان میں مقامی ذرائع نے رمیش نامی قصبے پر صیہونی فوج کی گولہ باری کی خبر دی ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کی فضاؤں میں پرواز کرکے اپنے گھروں کو واپس جانے والوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ دوسری طرف شام کی المصنع سرحدی گزرگاہ سے جنوبی لبنان واپس ہونے والے لبنانی شہریوں نے کہا ہے کہا اگر حزب اللہ کی قربانیاں اور مجاہدتیں نہ ہوتیں تو ان کی وطن واپسی ممکن نہ ہوتی۔

 

ٹیگس