سانحہ منی، عالمی اداروں میں سعودی عرب کے خلاف شکایت کرنے کا فیصلہ
ایران نے سانحہ منا کے تعلق سے عالمی اداروں میں سعودی عرب کے خلاف شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر قانون مصطفی پور محمدی نے کہا ہے کہ سانحہ منا کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور اس کیس کو عالمی اداروں میں اٹھائے جانے کے بارے میں مختلف قانونی راہوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کیس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور سفارتی ذرائع سے اس کیس پر کام کرنے کی ضرورت ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عدلیہ کی جانب سے بھی اس کام میں تیزی لائے جانے کے لئے تعاون کیا جا رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر قانون نے اس کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب کی حکومت عالمی قوانین کی پابندی نہیں کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عدالتی نظام میں بھی آزادی عمل کا فقدان ہے، جسے سانحہ منا کی تحقیقات کے عمل میں خاصی بڑی رکاوٹ تصور کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال حج کے موقع پرآل سعود کی بد انتظامی کی وجہ سے چار سو چونسٹھ ایرانی حاجیوں سمیت مختلف ملکوں کے سات ہزار سے زیادہ عازمین حج شہید ہوگئے تھے۔