ہر طرح کی دہشت گردی مذموم ہے: کمال دہقانی فیروزآبادی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے رکن کمال دہقانی فیروزآبادی نے کہا ہے کہ ہر طرح کی دہشت گردی مذموم ہے۔
کمال دہقانی فیروزآبادی نے پارلیمنٹ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ترکی میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مغربی ممالک کے برخلاف دہشت گرد گروہوں کے سلسلے میں ایک ہی معیار کے مطابق موقف اختیار کرتا ہے۔
کمال دہقانی فیروزآبادی نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ ترکی میں دہشت گردانہ حملوں میں تیزی پیدا ہوئی ہے اور ان سے انقرہ کے امن اور سلامتی کے لئے خطرات پیدا ہوچکے ہیں، کہا کہ ترکی میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کا ایک ہی اصول کے تحت جائزہ لیا جانا چاہئے۔
اس رپورٹ کے مطابق انقرہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے ایک اعلامیےمیں ترکی میں مقیم ایرانی شہریوں اور ترکی کی سیاحت کرنے والے ایرانیوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ وہ ترکی کے سیکورٹی حکام کی ہدایات پر توجہ دیتے ہوئے زیادہ آمد و رفت والے علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ترکی کے شہروں استنبول اور میدیات میں دو بم دھماکوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔ ان دھماکوں کے بعد برطانیہ اور جرمنی نے اپنے شہریوں کو ترکی میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔