Jun ۱۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے فلوجہ کی آزادی کی مبارکباد

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق کی حکومت اور عوام کو فلوجہ شہر کی آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے ایک پریس ریلیز میں اسٹریٹیجک شہر فلوجہ میں دہشت گردوں پرعراق کی فوج، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی جوانوں کی فتح کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عراقی حکومت اپنے ملک کے مختلف سیاسی اور سماجی گروہوں اور جماعتوں کے اتحاد اور قومی اتحاد کے ذریعے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے ہمہ گیر مقابلے میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے جمعےکے دن باضابطہ طور پر اسٹریٹیجک شہر فلوجہ کی آزادی کا اعلان کیا اور عراقی عوام کو مخاطب قرار دے کر کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز نے اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے فلوجہ کو آزاد کرا لیا اور عنقریب موصل شہر کو بھی آزاد کرا لیا جائے گا۔

حیدر العبادی نے ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی اپنی تقریر میں عراقی قوم کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلوجہ آزاد ہوگیا ہے اور اس کے چند ایک سیکٹر باقی بچے ہیں وہ بھی آئندہ چند گھنٹوں تک آزاد ہوجائیں گے۔

 

ٹیگس