Jun ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران میں بم دھماکے کرنے پر مبنی تکفیری دہشت گردوں کی سازش ناکام

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ تہران اور دوسرے چند صوبوں میں دہشت گردانہ بم دھماکے کرنے پر مبنی وہابی تکفیری دہشت گردوں کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے پیر کے دن ایک بیان جاری کر کے تہران اور چند دوسرے صوبوں میں تکفیری دہشت گردوں کی شیطانی سازش کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی شریف قوم کی اطلاع میں لایا جاتا ہے کہ روزہ دارعوام کی دعاؤں اوراللہ تعالی کے لطف و کرم سے حضرت خدیجہ الکبری (علیھا السلام ) سے منسوب ایام کے دوران وہابی اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کی دہشت گردی کی ایک بہت بڑی سازش کا پتہ لگا کر اسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

اسلام مخالف تکفیری دہشت گرد گروہ مختلف مناسبتوں کے ایام کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں سلسلہ وار بم دھماکے کرنا چاہتا تھا لیکن تہران اور دوسرے چند صوبوں میں امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے گمنام سپاہیوں کی جانفشانیوں، توسل اور توکل کی بدولت تکفیری دہشت گردوں کے شیطانی اقدامات ناکام ہوگئے اور دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جنس کے بیان میں مزید آیاہےکہ بموں اور دھماکہ خیز مواد کی تلاش اور اسے ناکارہ بنانے کی کارروائی کے دوران ایسا دھماکہ خیز مواد اور بم بھی ملے ہیں جن کو دھماکے کرنے کے لئے نصب کیا جا چکا تھا۔ ان بموں اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے بعد اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

وزارت انٹیلی جنس کے بیان میں آیا ہے کہ ایران کے اندر اور باہر تحقیقات اور دہشت گردوں سے تفتیش کا عمل جاری رہنے کے پیش نظر مناسب سیکیورٹی حالات پیدا ہوتے ہی ایرانی قوم کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے گمنام سپاہیوں کو اپنے راستے پر گامزن رہنے کے سلسلے میں خصوصا شبہائے قدر کے دوران روزہ دارعوام کی دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے تہران میں خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کئے جانے کی خبر دی تھی۔ علی شمخانی نے کہا تھا کہ رمضان المبارک کے ایام میں لعنت کے مارے ہوئے افراد تہران میں بعض اقدامات انجام دینا چاہتے تھے اور ایک مختصر سی اطلاع تہران میں خود کش حملہ آوروں کی موجودگی کا پتہ چلنے اور ان کی گرفتاری پر منتج ہوئی۔

 

ٹیگس