Jul ۰۱, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۶ Asia/Tehran
  • اگر پابندیاں ختم نہ ہوئیں تو ایران ایٹمی معاہدہ ختم کر دے گا: لاریجانی کی دھمکی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے دھمکی دی ہے کہ اگر مغرب والوں نے ایران کے ایٹمی معاملے کو کسی اور طرح سے اٹھانا چاہا اور انھوں نے پابندیاں ختم نہ کیں تو ایٹمی معاہدہ ختم ہو جائے گا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمعرات کے روز ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران اور مغرب کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے اور ایران اور علاقے کے نئے حالات پر اس کے اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب والے ایران پرعائد پابندیوں کو ختم کرنے کے مسئلے میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے اور نئی پابندیوں کی بات کر کے اسلامی جمہوریہ ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنا ان کی ایک چال اور حربہ ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے حزب اللہ لبنان کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ پر دباؤ معمول کی بات نہیں ہے کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ حزب اللہ ایک دہشت گردی مخالف تنظیم ہے لیکن انھوں نے اسلامی جہموریہ ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے حزب اللہ کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

انھون نے مزید کہا کہ علاقے کے ممالک کا بھی امریکہ کے ساتھ مرشد اور مرید والا رابطہ ہے اور وہ ایران کے لیے کیس تیار کر رہے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ مغرب کا ایک اور مقصد علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اثرورسوخ کو کم کرنا ہے، کہا کہ ایران کے لیے بحران کھڑا کرنے کے لیے شام، عراق، لبنان اور افغانستان میں بحران پیدا کیے گئے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ واضح پالیسی اپنائی ہے اور اب بھی واضح پالیسی رکھتا ہے، مزید کہا کہ ایران اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں سطحی اور بچگانہ محاذ آرائی نہیں کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کا دفاع ایک دینی اور انسانی فریضہ ہے اور تہران اپنے اس فریضے کے مطابق علاقے کی جہادی تحریکوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹیگس