Jul ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی نابودی کا سامان فراہم ہو چکا ہے

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی غلطی کی تو صرف لبنان میں ایک لاکھ میزائل صیہونی حکومت کی طرف فائر ہونے کے لئے تیار ہیں جبکہ عالم اسلام کے دیگر علاقوں سے بھی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لئے آمادہ ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے جمعۃ الوداع کو تہران کی نمازجمعہ کے خطبوں سے قبل اپنی تقریر میں کہا کہ آج ہردور سے زیادہ اسرائیل کی نابودی کا سامان فراہم ہو چکا ہے- انہوں نے کہا کہ اس وقت لبنان میں ایک لاکھ سے زیادہ میزائل اسرائیل کی طرف داغے جانے کے لئے تیار ہیں-

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صیہونیوں نے اپنے غلط اندازوں کے مطابق ماضی کی غلطیاں دوہرانے کی کوشش کی تو یہ میزائل صیہونی حکومت کے سر پر گریں گے اور پھر خطے میں ایک نئی صورت حال جنم لے گی-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ بات صرف انہی ایک لاکھ میزائلوں پر ختم نہیں ہوتی بلکہ جو سرزمین اس وقت صیہونیزم کے قبضے میں ہے اور جہاں کبھی فلسطینی مسلمان پتھروں سے صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کرتے تھے آج اس سرزمین کا چپہ چپہ صیہونی حکومت کے لئے بارود بن گیا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ غرب اردن سے لے کر غزہ تک سبھی علاقوں سے صیہونی حکومت کے زیرقبضہ علاقوں منجملہ حیفا اور تل ابیب کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے- انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دسیوں ہزار دور مار میزائل عالم اسلام کے مختلف علاقوں میں آمادہ ہیں اور ایک اشارے پر صیہونی حکومت کو دنیا کے سیاسی جغرافیہ سے مٹانے کے لئے تیار ہیں-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت اور اسلامی ملکوں پر مسلط ظالم حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ امریکا کی فوجی طاقت پر بھروسہ کرنا بے سود ہے، کہا کہ ان حکومتوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ نفرت زدہ حکومتوں کو اقتدار میں باقی رکھنے کی امریکا کی توانائی ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرایسا نہ ہوتا تو امریکا شاہ ایران، فرعون مصر، لیبیا اور دیگر ملکوں کے آمروں کی حکومتیں گرنے نہ دیتا- انہوں نے کہا کہ آج شام میں بھی امریکا کے سارے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں-

جنرل حسین سلامی نے یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر وہ ماہ رمضان میں یمن کے بے گناہ شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور سازشوں اور تفرقہ اندازیوں سے عراق اور شام کے باشندوں کو بے گھر کر رہی ہے تو ہمیشہ باقی نہیں رہ سکے گی-

انہوں نے ایران کے شمال مغربی سرحدی علاقوں میں پچھلے دنوں دہشت گردوں کے خلاف سپاہ پاسداران کی کامیاب کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی بعض حکومتیں ایران میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن ہم ان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ایران کو جس سمت سے بھی خطرہ لاحق ہوا وہ اس جگہ کو پوری طرح تباہ کر دے گا- انہوں نے خبردار کیا کہ شیر کے منہ میں ہاتھ دینے کی کوشش نہ کی جائے-

 

ٹیگس