حزب اللہ علاقے کے لیے سربلندی اور فخر کا باعث ہے: امیرعبداللہیان
بین الاقوامی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان علاقے کے لیے سربلندی اور فخر کا باعث ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے لبنان کی العہد ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے دو ہزار چھے میں تینتیس روزہ جنگ کے دوران صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ لبنان کی فتح کی دسویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ صیہونی حکومت کے خلاف تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور صیہونی حکومت کے ناجائز دعووں کے جھوٹا ہونے کو ثابت کیا کہ جس کا دعوی تھا کہ وہ بہت زیادہ طاقتور ہے۔
ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس بات پر زور دیا کہ حزب اللہ لبنان نے صیہونی دشمن کے ناقابل شکست ہونے کا طلسم توڑ کر رکھ دیا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے سید حسن نصراللہ کے طاقتور کردار پر فخر کرتا ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے مزید کہا کہ آج علاقے اور دنیا کا امن اور سلامتی حزب اللہ کی مزاحمت و استقامت اور اس کے شہیدوں نیز صیہونی حکومت اور تکفیری دہشت گردی کے ساتھ ان کی جنگ کی مرہون منت ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار چھے میں صیہونی حکومت نے تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ لبنان سے شکست کھائی تھی اور اسے بہت زیادہ جانی و مالی نقصان اٹھا کر پسپا ہونا پڑا تھا۔