Jul ۲۶, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے پیر کی شام، تہران میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے ملاقات  کی۔
    ایرانی وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے پیر کی شام، تہران میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے اور تعمیری تعلقات کے مضبوط ہونے کی وجہ سے ایران اور پاکستان کے ایک دوسرے کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے پیر کی شام تہران میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان نو سوکلومیٹر طویل سرحد اور دینی، ثقافتی اور تاریخی مشترکات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات وجود میں آئے ہیں۔

انھوں نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران، پاکستان کی حکومت اور قوم کے لیے امن و سلامتی اور ترقی و پیشرفت کا خواہش مند ہے، کہا کہ ہم ان حالات کو پیدا کرنے اور انھیں مضبوط بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت و توانائی استعمال کریں گے۔

رحمانی فضلی کا کہنا تھا کہ ہم ایران اور پاکستان کے درمیان خصوصی سیکورٹی اور سرحدی کمیٹیاں تشکیل دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہم پاکستان کے وزیر داخلہ کو ایران کے دورے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ اس کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

ایران کے وزیر داخلہ نے علاقے میں انتہا پسند، گمراہ اور تشدد پسند گروہوں کی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کی سب سے بڑی پریشانی، داعش اور اسلام کی حقیقت سے منحرف دیگر گروہوں سمیت ملکوں کی آزادی و خودمختاری اور دین کے مشترکہ دشمنوں کا وجود اور غیرملکی طاقتوں کی مداخلت ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی کہا کہ علاقے میں بحران کے باوجود ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور وہ مشترکہ سرمایہ کاری کر کے علاقے میں قیام امن میں مدد دے رہے ہیں۔

انھوں نے دہشت گردی کو دونوں ملکوں کا مشترکہ دشمن قرار دیا۔

ٹیگس