امریکہ حقیقی مذاکرات کا کوئی ارادہ ہی نہیں رکھتا: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے فرانس کے مشہور ٹی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ حقیقی مذاکرات کا کوئی ارادہ ہی نہیں رکھتا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے فرانس 24 نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران تو اپنے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار تھا لیکن اصل مشکل امریکہ کی بدنیتی ہے، امریکہ حقیقی اور منصفانہ مذاکرات کا ارادہ ہی نہیں رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ حقیقی مذاکرات نہیں صرف اپنی رائے کو مسلط اور ڈکٹیٹ کرنے کے درپے رہتا ہے۔
وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے مابین ثالثی کے لیے سعودی عرب کے کردار سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین ماحول خوش گوار ہے اور اعتماد قائم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکی وزیر خارجہ یا ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سے کسی بھی قسم کا رابطہ یا پیغام کا تبادلہ نہیں ہوا ہے۔
سید عباس عراقچی نے زور دیکر کہا کہ جب تک امریکہ حقیقی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوتا تب تک ایران کو بھی مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا اسرائیل دوبارہ ایران کے ایٹمی مراکز کو نشانہ بنانا چاہتا ہے کہا کہ: "اگر پہلے کوئی کام کیا گیا ہو اور اس میں شکست ہوئی ہو تو صاف ظاہر ہے کہ اس کے دوہرانے سے دوبارہ شکست ہی ملے گی۔"
وزیر خارجہ عراقچی نے زور دیکر کہا کہ ایران صیہونی حکومت اور امریکہ کے ساتھ جنگ میں کامیاب رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok