ہانگ کانگ: تائی پو شہر کی کثیر منزلہ کئی عمارتوں میں بھیانک آتش زدگی، 44 افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ
ہانگ کانگ کے شہر تائی پو میں کئی کثیر المنزلہ عمارتوں میں بھیانک آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق ہانگ کانگ کے شہر تائی پو کی عمارتوں میں آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے 7 عمارتوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ اب تک کی اطلاع کے مطابق 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 300 لاپتہ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عمارتوں میں آگ بدھ کے روز دوپہر کے بعد لگی اور جمعرات کی صبح تک بھی جائے وقوعہ کے کچھ حصوں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے فائر سروسز ڈپارٹمنٹ (ایف ایس ڈی) کے حوالے سے بتایا کہ بھیانک آگ لگنے کی وجہ سے بہت سے لوگ عمارتوں میں پھنس گئے۔ آگ کے شعلے کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دے رہے تھے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق تائی پو شہر کے ایک کمپلیکس کے باہر بانس کے مچان سے آگ لگنی شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر گئی۔
فائر سروس نے بتایا کہ اب تک تقریباً 90 فی صد لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔
تائی پو ہانگ کانگ کے شمالی حصے کا ایک علاقہ ہے اور یہ چین کے بڑے شہر شینزین کی سرحد کے قریب ہے۔