ایران کے منجمد تیس ارب ڈالر ریلیز
ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتے کے نتیجے میں تہران کے منجمد اثاثوں میں سے تقریبا تیس ارب ڈالر ریلیز کئے جا چکے ہیں۔
عالمی بینک نے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی پر ایران کے ردعمل کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایران کے اقتصاد پر اثر پڑا ہے تاہم اسے علاقے کے تیل پیدا کرنے والے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم نقصان پہنچا ہے۔ کیونکہ گذشتہ ایک برس کے دوران ایران کے منجمد اثاثوں میں سے تیس ارب ڈالر بحال کئے جا چکے ہیں۔
عالمی بینک کے مطابق اس سلسلے میں ایران کی کامیابی کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ ایرانی اقتصاد کے مختلف شعبے ہیں اور اس کا انحصارصرف تیل پر نہیں ہے یہاں تک کہ ایرانی حکومت کی آمدنی کے ذرائع میں تیل صرف تیس فیصد کردار کا حامل ہے۔
ایران کی وزارت پیٹرولیئم کے اعلان کے مطابق پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد سے ایران نے عالمی منڈیوں میں اپنا حصہ محفوظ رکھنے کے لئے رواں سال جنوری کے مہینے میں اپنی تیل کی پیداوار میں روزانہ تقریبا چھے سو لاکھ بیرل کا اضافہ کیا ہے۔