شہریت سلب کرنا، بین الاقوامی قانون کے منافی: علاء الدین بروجردی
ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کر لئے جانے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدام کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔
علاء الدین بروجردی نے اتوار کو ایک انٹرویو میں بحرینی عالم دین آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کے بارے میں کہا کہ آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب ہی نہیں کی جاسکتی اور ملت بحرین نے اب تک ان کی آبرومندانہ حمایت کی ہے-
ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کا بحرینی حکومت کا اقدام ایک بچگانہ حرکت ہے اور یہ اس من گھڑت بحران کو کنٹرول کرنے کی مذموم کوشش ہے جس میں آل خلیفہ حکومت برسوں سے مبتلا ہے-
بحرین کی ڈکٹیٹرآل خلیفہ حکومت نے انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، بحرینی شیعوں کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کر لی ہے- حکومت بحرین کے اس اقدام کے خلاف دیگرممالک اور علاقائی و عالمی اداروں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ بحرین میں ان کی حمایت میں اور آل خلیفہ حکومت کے خلاف مسلسل مظاہرے ہو رہے ہیں۔