سعودی حکومت کو سانحہ منیٰ کا جواب دینا ہوگا: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو گذشتہ برس رونما ہونے والے سانحہ منیٰ کا جواب دینا ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بدھ کو صحافیوں کو انٹرویو کے دوران اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گزشتہ برس رونما ہونے والے دردناک سانحہ منیٰ کی ذمہ داری سعودی عرب کے ناکارہ حکام پرعائد ہوتی ہے، زور دے کر کہا کہ انھیں اس سلسلے میں پوری سنجیدگی سے جواب دینا چاہئے-
بہرام قاسمی نے سانحہ منیٰ کے ایک سو بیس شہداء کے اہل خاندان کی جانب سے وزیرخارجہ کے نام خط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک بار پھر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ نے اس سانحے کی سیاسی اوربین الاقوامی قانون کے لحاظ سے چارہ جوئی کو اپنے ایجنڈے میں شامل کررکھا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس تناظر میں سانحہ منیٰ کا مسئلہ بین الاقوامی اداروں میں اٹھائے جانے کے ساتھ ہی اس سانحے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی ذمہ داری طے کرنے کی غرض سے بین الاقوامی اور اہم ملکی قانون دانوں سے صلاح و مشورہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ضروری کوششیں جاری ہیں-
یاد رہے گزشتہ برس چوبیس ستمبر دوہزارپندرہ میں سعودی حکام کی بدانتظامی کی بنا پر میدان منی میں عید قربان کے دن، مناسک حج انجام دیتے ہوئے چارسوچونسٹھ ایرانی حاجیوں سمیت ہزاروں حاجیوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا-