ایران کی جانب سے استقامت کے محور کی حمایت جاری رہے گی: ایران
ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ کی جانب سے استقامت کے محور کی حمایت پر ایک بار پھر تاکید کی ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے بدھ کو دمشق میں شام کی قومی پارلیمنٹ کی اسپیکر ہدیہ عباس سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ کا دورہ شام، اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے شامی حکومت اور قوم کی حمایت کے تناظر میں انجام پایا ہے-
علاء الدین بروجردی نے اسی طرح شام کے وزیر اعظم عماد خمیس سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، بحران شام سے نکلنے کے لئے کسی راہ حل کے حصول کی غرض سے شامی گروہوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے-
ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے بحران شام کے حل کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے رویے پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے بحران شام کے خاتمے کے لئے راہ حل پیدا کرنے کی غرض سے جنیوا مذاکرات شروع کرانے کے لئے اقدامات کا آغاز اس وقت کیا کہ جب حلب کے محاذ پر شامی فوج اور استقامتی محور کے مجاہدین کی کامیابی نظر آنے لگی- ایران کی پارلیمنٹ کے نمائندے نے امید ظاہر کی کہ شام کا مستقبل اس ملک کے عوام کے ہاتھوں رقم ہوگا- ایران کا پارلیمانی وفد جمعرات کو شام کے صدر بشاراسد سے ملاقات کرے گا-