ترکی میں بغاوت کی ناکامی میں عوام کا کردار ناقابل انکار ہے: علاء الدین بروجردی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ، علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ منتخب حکومت کے دفاع اور بغاوت کی ناکامی کے سلسلے میں ترکی عوام کے کردار کا انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق علاءالدین بروجردی نے اتوار کے دن تہران میں تعینات ترکی کے سفیر رضا ہاکان تکین سے ملاقات کے دوران تاکید کی کہ ایران کے اسلامی نظام کے نزدیک قانونی اور عوامی حکومتوں کے خلاف بغاوت قابل مذمت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے خطے میں دہشت گرد گروہوں کے اقدامات اور سیکورٹی سے متعلق مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکلات کے حل کے لئے ایران، شام اور ترکی سمیت خطے کے مؤثر ممالک کا باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔
تہران میں تعینات ترکی کے سفیر رضا ہاکان تکین نے بھی اس ملاقات میں ترکی میں ہونے والی فوجی بغاوت کے شروع میں ہی ایران کی جانب سے اس بغاوت کی مذمت کرنے کی بناء پر ایران کی قدرانی کی اور کہا کہ ترکی میں حالیہ فوجی بغاوت ایران اور ترکی کی دوستی مضبوط ہونے کا باعث بنی اور ایران کی جانب سے ترکی کی منتخب حکومت کی حمایت کو ترکی کبھی بھی فراموش نہیں کرے گا۔