ایران، لاطینی امریکہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کی رات کیوبا کے دارالحکومت ہوانا پہنچنے کے بعد، نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ لاطینی امریکہ کے ممالک کے ان کے دورے سے ایران کے لئے اس علاقے کے ممالک کی اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
وزیر خارجہ نے لاطینی امریکہ کے ممالک میں ایرانی کمپنیوں کے متعدد صنعتی منصوبوں پر عملدرآمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لاطینی امریکہ کے زیادہ تر ممالک کے ساتھ ایران کے سیاسی تعلقات قائم ہیں۔ یہاں تک کہ اس خطے میں اس کے نمائندوں کی تعداد ایشیا کی نسبت زیادہ ہے۔
محمد جواد ظریف نے کیوبا کے خلاف امریکہ کی تیس اور پچاس سالہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ ظلم کا مقابلہ کرنے والی کیوبا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اب بھی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ایک وفد کو ساتھ لے کر لاطینی امریکہ کے چھے ممالک کیوبا، نیکاراگوئے، بولیویا، چلی، ایکواڈور اور وینزوئیلا کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ سات دنوں تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں وہ سب سے پہلے اتوار کی رات کیوبا کے دارالحکومت ہوانا پہنچے۔
ایک سو بیس افراد پر مشتمل ایک سیاسی اور اقتصادی وفد بھی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ گیا ہے۔