امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی بھی مثبت قدم نہیں اٹھاتا: امیر عبداللہیان
بین الاقوامی امور میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی مشیر امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکہ نے علاقے اور شام کے عوام کو دہشت گردوں کے قبضے سے نجات دینے کے لئے کوئی بھی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے -
حسین امیر عبداللہیان نے ایم کے او دہشت گردوں کو عراق سے یورپ منتقل کرنے کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کے قول و فعل پر نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ اس ملک نے ابھی تک علاقے اور شام کے عوام کو دہشت گردوں کے چنگل سے نجات دینے کے لئے ایک بھی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے لیکن فخر کے ساتھ دہشت گرد منافقین کو تحفظ فراہم کرنے کی بات کررہا ہے۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس ایک جانب حلب میں جنگ بندی کے ذریعے شامی فوج کے زیرمحاصرہ دہشت گردوں کو بچانے کی کوشش کرہا ہے اور دوسری جانب ایم کے او دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بات کرتا ہے- عالمی امور میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی مشیر نے کہا کہ امریکہ کو شام اور عراق کے عوام کی جان اور، ناموس کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور جان کیری ایم کے او دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے پر فخر کر رہے ہیں -