Oct ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کے امن مشن میں مدد دینے کے لیے آمادگی کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران نے امن مشن کے لیے فوجی بھیجنے اور دیگر خدمات فراہم کرنے کے ذریعے اقوام متحدہ کے امن مشن میں مدد دینے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی میں امن مشن کے بارے میں کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن اس کے منشور میں دیے گئے اہداف اور اصولوں کے احترام کی بنیاد پر انجام پانے چاہییں۔ انھوں نے کہا کہ متحارب فریقوں کے اطمینان اور رضامندی، اپنے دفاع کے علاوہ طاقت کا استعمال نہ کرنا، غیرجانبداری، حاکمیت کی برابری کے اصول کا احترام، سیاسی خودمختاری، تمام ملکوں کی ارضی سالمیت اور ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنے کے اصول کا مکمل طور پر احترام کیا جانا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ عام شہریوں کی حمایت میزبان ملکوں کی پہلی ذمہ داری ہے اور متعلقہ ایجنڈا رکھنے کی صورت میں امن مشن کو، عام شہریوں کی حمایت کے سلسلے میں قومی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔

غلام علی خوشرو نے اس بات پر زور دیا کہ عام شہریوں کی حمایت کے بہانے اقوام متحدہ یا کسی بھی غیرملکی طاقت کی کسی بھی قسم کی فوجی مداخلت قابل قبول نہیں ہے اور امن مشن انجام دینے والوں کی جانب سے جنسی استحصال اور لوٹ مار سمیت ان کے غلط رویے اور طرزعمل کا مقابلہ کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

ٹیگس