فن لینڈ کے صدر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے بحران شام کے حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد دینے کے لیے یورپی یونین اور فن لینڈ کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کے روز تہران میں فن لینڈ کے صدر ساؤلی نی نیسٹو سے ملاقات میں شام سمیت علاقے میں حالیہ بحرانوں کے حل کے بارے میں ایران کی پالیسی کو سیاسی راہ حل پر استوار قرار دیا اور کہا کہ یورپی یونین اور فن لینڈ بحران شام کے سیاسی حل میں مدد دے سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں دہشت گرد گروہوں کے پھیلنے کو دنیا کے تمام ملکوں کے سنگین خطرہ سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ علاقے کے مسائل میں دوسرے ملکوں کی فوجی مداخلت اور دہشت گردی کے بارے میں دہرا رویہ علاقے میں دہشت گردی میں اضافے کا باعث بنا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسی طرح انتہا پسندانہ اور گمراہ کن وہابی سوچ کو علاقے میں دہشت گردی پھیلنے کا ایک سبب قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صیہونی حکومت کی پالیسی ہمیشہ دہشت گرد گروہوں کو مضبوط کرنے پر استوار رہی ہے اور وہ ان میں سے بعض گروہوں کو براہ راست ہتھیار اور انٹیلی جنس معلومات فراہم کرتی ہے۔
فن لینڈ کے صدر نے بھی اس ملاقات میں اپنے دورۂ ایران پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ باہمی رفت و آمد میں اضافے کے لیے دونوں ملکوں میں بہت سے مواقع موجود ہیں۔
انھوں نے افغانستان، عراق، شام اور لیبیا میں دہشت گردانہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جنگ و خونریزی کو ختم کرنے کے لیے فوری سیاسی راہ حل ضروری ہے۔