لبنان کے نومنتخب صدر کو حسن روحانی کی مبارکباد،دوطرفہ تعلقات مزید بڑھانے پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے لبنان کے نومنتخب صدر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں ان کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور تہران - بیروت کے درمیان موجودہ تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا-
صدر حسن روحانی نے میشل عون کو لبنان کے نئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنانی حکومت، قوم اور مزاحمتی گروہ کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا -
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کے لئے نئے صدر کا انتخاب، اس ملک کے تمام سیاسی دھڑوں کے لیے ایک کامیابی ہے- صدر مملکت روحانی نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے-
اس ٹیلیفونک گفتگو میں لبنان کے نئے صدر میشل عون نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کی توسیع کا خیرمقدم کرتا ہے اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے.
انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان کے درمیان خوشحالی، استحکام اور قومی اتحاد کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی- صدر میشل عون نے مزید کہا کہ دہشتگرد گروہوں بالخصوص ناجائز صہیونی ریاست کے خطرات سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور لبنان تمام دہشتگردوں کے خطرات اور ان کی سازشوں سے نمٹنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار ہے-
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اپنے ٹوئیٹر پیغام میں نئے صدر میشل عون کے انتخاب پر لبنانی قوم اور حکومت کو مبارک باد پیش کی.انہوں نے کہا کہ لبنانی قوم اگر مستقبل کے لئے خود فیصلہ کرے گی تو اس ملک میں امن و استحکام اور ترقی یقینی ہو گی-
لبنانی پارلیمنٹ نے پیر کے روز سینئر رکن پارلیمنٹ اور سابقہ فوجی کمانڈر میشل عون کو لبنان کے تیرہویں صدر کے طور پر منتخب کر لیا- نومنتخب لبنانی صدر کو 127 ووٹوں میں سے 83 ووٹ حاصل ہوئے.